کراچی (اسٹاف رپورٹر)لانڈھی میں پانی چور مافیا کیخلاف آپریشن کے دوران 5غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے گئے ۔مذکورہ کنکشنز کے ذریعے لاکھوں گیلن پانی چوری کیا جارہا تھا ۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے شہریوں کا پانی روک کر پانی چوری کرنے والے مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا ۔ داو ؤد چورنگی ہڈی ملز کے قریب4 انچ قطر کی لائن سے ایک غیر قانونی کنکشن منقطع کردیا جبکہ مذکورہ لائن سے علاقہ مکینوں کا پانی چوری کرنے کیلئے لگائی گئی اسٹیل کی پلیٹ برآمد کرلی گئی۔ غیرقانونی کنکشن الرحمن ویٹنگ کانٹا کیلئے حاصل کیا گیا تھا جہاں ایک پیٹرول پمپ بھی تعمیر کیا جارہا ہے واٹربورڈ کا عملہ الرحمن ویٹنگ کانٹا کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج نہیں کراسکا ،دوسری جانب ملیر کے صالح محمد پمپنگ اسٹیشن سے لعل شاہ پمپنگ اسٹیشن تک بچھائی گئی 10انچ قطر کی لائن سے پولٹری اور برڈفارمز کیلئے لئے گئے 4غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے گئے ،تاہم پانی چور مافیااور مذکورہ لائنوں پر تعینات کےواٹر بورڈافسران و ملازمین خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔دریں اثنا واٹر بورڈ کے مطابق لانڈھی کے علاقے شریف کالونی میں پینے کے پانی میں بدبودار پانی کی آمیزش کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا گیا ۔ملیر ہالٹ میں سیوریج سے متعلق شکایات پرمختلف لائنو ں اور مین ہولز کی صفائی کرکے سیوریج کے اوورفلو کا خاتمہ کردیاگیا ،سیکٹر 9 نارتھ کراچی کے مکینوں کی قلت آب کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے نئی پائپ لائن بچھادی گئی،گلشن اقبال بلاک 4 میں بھی 3انچ قطر کی لائن تبدیل کرکے متعفن پانی کی شکایت کا ازالہ کردیا گیا ۔ فیوچر کالونی اور نصیر آبادگلبرگ بلاک13 میں دھنسنے والی سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا کام جاری ہے جبکہ راشد منہاس روڈ گلشن اقبال بلاک 5 میں 24انچ قطر لائن میں رساؤ کا خاتمہ کردیا گیا ۔