کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی و صوبائی سطح پر موذی امراض کی مربوط و موثر آگاہی مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں صحت کے مراکز پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص تھر کے علاقوں میں طبی سہولیات ناکافی ہیں اس ضمن میں وفاق کا تعاون اہم ثابت ہوسکتا ہے۔