کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے 51 دنوں میں مہنگائی میں اضافہ کے سوا عوام کو کچھ نہیں ملا۔نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے نام پر عوام کو سہانے خواب دکھائے جارہے ہیں۔اپنی رہائش گاہ پر کھارادر سے آنے والے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ حکومت کے پہلے 51 دنوں میں معیشت کو 27ارب ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے، جو بھینسیں یا گاڑیاں بیچنے سے پورا نہیں ہوگا۔ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کے تباہ کن نتائج بھگتنا پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ 3 سال کی کم ترین سطح پر آچکی۔معشیت کی بہتری کی جانب گامزن ہونے کے دعوے جھوٹ ہیں۔کراچی کے عوام کو تبدیلی کے لیے خود باہر نکلنا پڑے گا۔