اسلام آباد (نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں عوامی طاقت سے اقتدارمیں آیاہوں،فوج کے سہارے الیکشن جیتنے کی بات غلط ہے، سابقہ ادوار کے جمع شدہ میڈیا کے بقایا جات کی ادائیگیوں کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔ منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے حمید ہارون کی سربراہی میں ملاقات کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی، سینیٹرفیصل جاوید اور سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل بھی موجود تھے۔ اے پی این ایس وفد نے عمران خان کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباددی ۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اخباری صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیرا عظم نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ، گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے اور اس ضمن میں حکومت کی جانب سے میڈیا کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ تحریک انصاف کے نظریے کو عوام تک پہنچانے اور اس کو کامیاب کرانے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے ،اگر میڈیا نہ ہوتا تو میں آج یہاں نہ ہوتا۔ ہم میڈیا کو مکمل سپورٹ کریں گے۔اخباری صنعت کی مشکلات حل کرناچاہتے ہیں،اس کے لیے واجبات کی ادائیگیوں کالائحہ عمل بنارہے ہیں۔ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے ملاقات کی،اس موقع پر وزیرخزانہ اسد عمر بھی موجود تھے۔وفد نے وزیراعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے ٹیکس گوشواروں میں ڈکلئیر شُدہ غیر ملکی اثاثوں کے بارے میں بھی نوٹس دے رہا ہے جبکہ نیب اور دیگر اداروں کی جانب سے بھی تاجروں،صنعت کاروں اور کاروباری حضرات کو ہراساں کیا جارہا ہے۔وزیراعظم نے وفد کی شکایات سننے کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت کوئی ادارہ تاجروں و صنعتکاروں کو بلاجواز ہراساں نہیں کرے گا جب کہ ڈکلئیر کردہ غیر ملکی اثاثہ جات رکھنے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے تنگ نہیں کرے گا۔