اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے دور میں لگائے گئے بجلی کے تمام منصوبوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے جب کہ 2 منصوبے کے آڈٹ کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں لگایا گیاقائداعظم سولر پاور پلانٹ دنیا کا مہنگا ترین پلانٹ ہے اس پلانٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت اس وقت 17 روپے سے زائد پڑ رہی ہے جب کہ بھکی ، حویلی بہادر شاہ، ساہیوال کول، پورٹ قاسم پلانٹس سے بھی دنیا کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا اقتصادی رابطہ کونسل کے اجلاس میں بجلی کی قیمتوں پر بات چیت نہیں ہوئی، تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی کے نرخ میں اضافے سے غریبوں پر اثر نہ پڑے۔نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کریں ورنہ روز نقصان ہوگا، اس نقصان کی وجہ سے گردشی قرضے میں ہر سال 34 ارب روپے اضافہ ہوا۔ گزشتہ 2 سال میں بجلی کی پیداواری قیمت بڑھ کر 15 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہوئی جو 11 روپے 71 پیسے فی یونٹ میں فروخت کی جارہی ہے۔ اس طرح حکومت بجلی کی مد میں سردیوں میں ایک ارب دو کروڑ جب کہ گرمیوں میں ایک ارب 80 کروڑ روپے یومیہ نقصان برداشت کررہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کرپشن کے خلاف تحقیقات میں پورا فارمولا بنانا پڑے گا۔ اس میں سعودی عرب، چین اور یو اے ای کا تعاون بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا زرمباردلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے 4 مرحلوں میں کام کیا جارہا ہے۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی ۔ وزیراعظم عمران خان تمام معاملات پرجلدقوم کو اعتماد میں لیں گے۔