ایک آتشزدگی پر گڈانی بریکنگ یارڈ بند -ہزاروں بیروزگار-مزدور سراپا احتجاج

حب (رپورٹ:عبدالغنی رند) گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں لنگرانداز ناکارہ بحری جہاز میں کٹائی کے دوران آتشزدگی کے بعد پورے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ پر کام بند کردیا گیا ہے جس سے ہزاروں محنت کش بےروزگار ہوگئے ہیں۔ حکومتی اقدام کے خلاف مزدوروں نے احتجاج شروع کردیا،جس سے شپ بریکنگ یارڈ صنعت میں بحران کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق گڈانی میں قائم شپ بریکنگ یارڈ میں پلاٹ نمبر 9 اور 10 میں جہاز کی کٹائی کے دوران آگ لگ گئی جس سے 7مزدور جھلس کر زخمی ہوگئے۔ آتشزدگی واقعہ کے بعد محکمہ ماحولیات بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن ریٹائرڈ طارق زہری کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں پورے گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ کے تمام پلاٹوں پر ناکارہ بحری جہاز وں کی کٹائی کا کام فوری طور پر بند کرنے کاحکم دیا گیا۔ محکمہ ماحولیات بلوچستان کے اس حکم کے ملتے ہی گڈانی کے تمام شپ بریکرز نے اپنے اپنے پلاٹوں پر ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی کا کام مکمل طور پر بند کردیا اورمنگل کو دوسرے روز بھی ہزاروں محنت کش ہاتھوں پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے ۔ مہنگائی کے اس دورمیں حکومت بلوچستان کے سرکاری محکمے کی جانب سے جاری کردہ اس حکم نامے سے محنت کشوں میں بے چینی پھیل گئی اور منگل کے روز محنت کشوں کی تنظیم گڈانی شپ بریکنگ ورکرز یونین اور نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے رہنماء بشیر احمد محمودانی بلوچ اور رفیق بلوچ سمیت دیگر سرکردہ رہنماؤں کی قیادت میں گڈانی کے سینکڑوں محنت کشوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت بلوچستان کے محکمہ ماحولیات کی جانب سے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے تمام پلاٹوں پر جہازوں کی کٹائی پر لگائی گئی پابندی کیخلاف نعرے درج تھے۔محنت کشوں کا کہناتھا کہ گڈانی کے جس پلاٹ پر ناخوشگوار و اقعہ رونما ہوا تھا محکمے کو چاہیے تھا کہ اس پلاٹ کے مالکان کیخلاف کارروائی کرتے اور زیادہ سے زیادہ اسی پلاٹ پر کام بند کرایا جاتا مگر محکمہ ماحولیات نے پورے گڈانی میں دفعہ144کے تحت ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کردی ہے جو کہ گڈانی کے محنت کشوں ، شپ بریکرز اور پورے بلوچستان کیخلاف ایک سازش ہے۔مزدور رہنماؤں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات بلوچستان کو گڈانی میں شپ بریکنگ کی صنعت کا ماحول بہتر بنانا چاہیے تھا مگر پرامن صنعتی ماحول خراب کیا جا رہا ہے جس کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ محنت کشوں کے نمائندوں نے وزیراعظم عمران خان،وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب جام کمال سمیت دیگر اعلی حکام سے فوری طور پر گڈانی کے معاملات پر مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کام کو دوبارہ شروع کرانے کی اپیل کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment