کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے قومی اورصوبائی اسمبلی کے2 ارکان سرجانی تیسر ٹاؤن میں ساتھیوں سمیت لڑ پڑے۔ دونوں نے ایک دوسرے پر قبضوں کے الزامات بھی لگائے ۔ منگل کے روز سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سرجانی تیسر ٹاؤن میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر پہنچے تو اسی دوران صوبائی اسمبلی کے رکن رابستان بھی موقع پر پہنچ گئے اور دونوں نے ایک دوسرے پر پلاٹوںپر قبضے کے حوالے سے الزامات لگانے شروع کردیئے ، صوبائی اسمبلی کے رکن رابستان کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی ، اسی دوران رابستان نے آفتاب جہانگیر پر مکوں کی بارش کردی، اس سے بچنے کیلئے آفتاب جہانگیر فوری طور پر گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئی ، جبکہ رابستان کے حامیوں نے ان کی گاڑی پر بھی مکے برسائے اور لاتیں ماریں۔ امت سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او آغا معشوق نے بتایا کہ دونوں ارکان اسمبلی نے ایک دوسرے پر پلاٹوں پر قبضے کرنے کے حوالے سے الزامات لگائے تھے اور اسی دوران ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا ، لیکن تھانے میں دونوں کی جانب سے کوئی درخواست نہیں دی گئی ۔نجی ٹی وی کے مطابق تصادم کے دوران دونوں ارکان کے حامیوں نے نازیبا الفاظ بھی استعمال کئے جبکہ آفتاب جہانگیر کے کوآرڈینیٹر پر خوب ہاتھ صاف ہوا۔کے ڈی اے ذرائع کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیکٹر 6 سی میں اصل مالکان کی درخواست پر زمین کی پیمائش کی جارہی تھی کہ غیرقانونی قابضین نے احتجاج شروع کردیا۔پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ جھگڑے کا معاملہ انضباطی کمیٹی کو بھیجیں گے۔ اس حوالے سے آفتاب جیانگیر نے بتایا کہ میں نے اور رابستان نے آپس میں تنازع حل کرلیا تھا۔ تاہم مجھے نہیں معلوم کہ میری گاڑی پر حملہ کرنے والے کون تھے۔ تاہم رابستان کے حامیوں نے میرے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ واضح رہے آفتاب جہانگیر کراچی کے حلقہ این اے 252سے منتخب ہوئے تھے۔