کریمیا(امت نیوز)روس کے زیر تسلط علاقےکریمیا میں دھماکے سے 18افراد ہلاک اور50 زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق جزیرہ نما کریمیا کے بندر گاہی شہر کرچ میں واقع ایک پولی ٹیکنیک کالج کے ڈائننگ ہال میں زوردار دھماکا ہوا ،جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت طلبہ کی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے پہلے ڈائنگ ہال میں بم لگا کردھماکہ کیا اور اس کے بعد اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔ اسپتال میں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔دھماکہ کریمیا کے اُس علاقے میں ہوا ہے ،جہاں سمندر پر روس اورکریمیا کو ملانے والا پل تعمیر کیا گیا ہے۔ خلافت عثمانیہ کے حصے جزیرہ نما کریمیا پر سب سے پہلے 1783 میں روس نے ہی قبضہ کیا تھا ،تاہم 1992 میں کریمیا نے نو آزاد مملکت یوکرائن میں شمولیت اختیار کی تھی۔ کریمیا نے یوکرائن سے علیحدگی کے بعد آزاد خود مختار ریاست ہونے کا دعویٰ کیا ،تاہم 2014 سے روس کے زیر تسلط علاقہ ہے۔