کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر اور پاکستان پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن (پاک سپا) کے بانی جنرل سیکریٹری محمود حامد نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ ہے کہ کراچی میں گڈوِل (پگڑی سسٹم) کے تحت کرایہ داروں کا تحفظ کیا جائے۔ انہیں بیروزگار اور بے گھر ہونے سے بچایا جائے۔پگڑی سسٹم قیام پاکستان سے قبل سے نافذ ہے، مگر اب نئے گروپ مافیا کی شکل میں دولت اور طاقت کے بل پر پوری پوری عمارتیں خرید کر پرانے کرایہ داروں سے لاکھوں اور کروڑوں روپے کا مطالبہ کرتی ہے۔ فراڈ کے ذریعے کیے گئے تمام ٹرانسفر اور لیز منسوخ کی جائیں۔سندھ اسمبلی پگڑی سسٹم کو قانونی تحفظ دینے کے لئے قانون سازی کرے۔انہوں نے پریس کلب میں متاثرین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں گڈوِل (پگڑی) ٹینینٹس ریلیف کمیٹی کے قیام اور متاثرین کے حقوق کے تحفظ کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کیا۔ان کے ہمراہ عثمان شریف ، نوید احمد، جاوید حاجی عبداللہ ، وکیل الدین ، سلیم ملک، شاہد پراچہ، حاکم خان اور دیگر بھی موجود تھے۔