بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3کشمیری نوجوان شہید

سری نگر(امت نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران گزشتہ روز سرینگر میں تین نوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو سرینگر کے علاقے فتح کدل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ شہید ہونے والوں کی شناخت رئیس احمد ، معراج الدین بنگرو اور فائد مشاق وازہ کے طور پر ہوئی ہے۔نوجوانوں کی شہادت کے فوراً بعد قابض انتظامیہ نے سرینگر میں تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے جبکہ انٹرنیٹ سروس معطل کر دی جسکا مقصد بھارت مخالف مظاہرے روکنا تھا۔ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ کے طلباءنے نوجوانوں کی شہادت پر کلاسوں کا بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی طلباءبھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر نکل آئے جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت میں خلل پڑا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے فتح کدل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران وحشیانہ طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ” کشمیر پریس کلب“ اور ” کشمیر ایڈیٹرز گلڈ “ نے اپنے بیانات میں صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں نوجوانوں کے قتل پر سخت دکھ اور افسوس کا اظہار کیااور کہا کہ 95فیصد سے زائد لوگوں کی طرف سے انتخابی ڈرامے کو مسترد کیا جانااس بات کی واضح نشاندہی کرتا ہے کہ کشمیری بھارت سے مکمل طور پر مایوس ہو چکے ہیں۔ ادھر سرینگر اور پٹن کے علاقوں میں ہونے والے حملوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔

Comments (0)
Add Comment