عدم صفائی سے لیاری میں ملیریا کی وبا پھیل گئی

کراچی(رپورٹ : رفیق بلوچ) عدم صفائی سےلیاری میں ملیریا کی وبا پھیل گئی، مچھروں نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن کر دی، دوسری طرف ملیریا کنٹرول پروگرام کی جانب سے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، مچھروں کی یلغار سے ملیریاتیزی سے پھیلنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری میں واقع پینچر اور کلری نالوں کی صفائی و اسپرے نہ ہونے سے ملیریا کی وبا پھیل گئی ہے ۔ گندگی سے بھرے دونوں نالے مچھروں کی افزائش کا سبب ہیں۔ بلدیہ جنوبی کی ذمہ داری ہے کہ وہ وقتاً فوقتاًمختلف علاقوں میں مچھروں کے خاتمے کیلئے موثراسپرے مہم چلائے، مگردیکھا یہ گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی کوتاہی کی وجہ سے مچھروں کی تعدادمیں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس سے شہری ملیریا میں مبتلا ہورہے ہیں۔ اس سلسلے میں امت نے لیاری کے یوسی چیئرمینوں عبدالمجید بلوچ، محمد حسن، عبدالغفور بلوچ، عبدالستار، فہیم بلوچ، عاشق حسین اور حبیب حسن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کے وہ ایک عرصے سے بلدیہ عظمٰی اوربلدیہ جنوبی کو صفائی کے ناقص صورتحال اور نالوں کی صفائی کے حوالے سے آگاہ کررہے ہیں، لیکن تا حال کوئی موثر اقدامات نہیں کئے گئے۔ بلدیہ عظمٰی اوربلدیہ جنوبی کےآئندہ اجلاس میں اس پر احتجاج کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment