کراچی (رپورٹ:شجیع کامل) قیوم آباد میں ساڑھے 3سو طلبہ و طالبات کے اسکول کو کچراکنڈی کی وجہ سے تالے لگ گئے، فلاحی اسکول کے قریب کچرا کنڈی سے طلبہ کو اساتذہ کو شدید پریشانی کا سامنا تھا ،اسکول میں طلبہ سے داخلہ فیس ،امتحانی فیس وصول نہیں لی جاتی ،جبکہ پہلی سے دسویں تک کے طلبہ سے ڈھائی سو روپے کی معمولی ترین فیس وصول کی جاتی ہے ،جس کے باوجود بھی بلدیاتی نمائندے ان کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق قیوم آباد اسٹریٹ نمبر 3, پلاٹ نمبر 116 پر قائم راست پبلک سکینڈری اسکول گزشتہ 18برس سے اسکول میں تقریباً مفت تعلیم فراہم کررہا ہے،جس کے باوجود بھی بلدیاتی نمائندے اسکول منتظمین کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔اسکول کی پرنسپل مسز زاہدہ خان کے مطابق 18برس سے قبل اسکول راست سکینڈری کے نام سے شروع کیا گیا تھا ،جس میں شروع میں فی طالب علم 30روپے پھر 50اور اب 250روپے فیس وصول کی جاتی ہے ،اسکول میں اب 323بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں ،جن میں سے بیشتر غریب و یتیم ہیں ۔پہلی سے دسویں کلاس تک 250 روپے فیس وصول کی جاتی ہے ،تاکہ ہر بچہ بآسانی اسکول میں تعلیم کی سہولت سے فائد اٹھا سکے۔ تقریبا مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکول میں طلبہ کو ماہانہ ایک ہزار روپے تک کا راشن دو سو روپے میں دیا جاتا ہے ،جبکہ طلبہ کو ایم ہزار والا یونیفارم طلبہ کو 200روپے میں دیا جاتا ہے ،طلبہ سے مذکورہ کم ترین فیسیں صرف اس لئے لی جاتی ہیں کہ انہیں اس فیس کی قدر رہے ،تاکہ وہ اسکول ریگولر آسکیں اسکول میں زیادہ تر مدرسین ڈیفنس کی رہائشی ہیں ،جنہیں اسکول کے قریب کچرا کنڈی کی وجہ سے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،جس کی وجہ سے اب وہ چھوڑ کرجارہی ہیں ،اسکول میں تعلیم کا معیار بہتر ہونے کی وجہ سے اب تک میٹرک بورڈ سے طلبہ اے و ن سے بی گریڈ تک نتائج حاصل کرتے ہیں ۔کوئی بھی طالب علم سی اور ڈی گریڈ نہیں لیتا ہے ۔ اسکول کو کچراکنڈی کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے ۔پرنسپل مسز زاہد خان کے مطابق اسکول کے ساتھ ہی گلی میں کچرے کے ڈھیر پڑے ہیں ، جس سے دھواں کلاسوں میں آتا ہے۔ بدبو اوردھویں سے طلبہ کا کلاسوں میں بیٹھنا مشکل ہو جاتا ہے ،بعض ٹیچرز نے اسکول میں ایسے ماحول میں آنے سے منع کردیا ہے ،اس حوالے سے ایم این اے فہیم خان ،ایم پی اے راجا اظہر نے بھی کوششیں کی ہیں ،تاہم بلدیاتی نمائندے ایک گاڑی بھیج کر کچرا اٹھاتے ہیں ،جس کے بعد پھر وہی صورتحال ہوتی ہے ۔اس حوالے سے اپم پی اے راجا محمد اظہر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ اور طلبہ کے ساتھ مل کر اسکول کے باہر کچرا نہ اٹھانے پرآج صبح 8بجے کچراکنڈی کے قریب احتجاج کیا جائے گا۔