کراچی(رپورٹر ایس ایم انوار) پاکستان اسٹیل مل ملازمین کے 106رہائشی مکانات آؤٹ سائیڈز کے پاس ہیں۔انتظامیہ نے اس کے باوجود مزید 3مکانات خلاف قانون غیر متعلقہ افراد کو دینے کی منظوری دیدی ہے ،جبکہ اصل حقدار ملازمین رہائشی سہولیات کے لئے دھکے کھا رہے ہیں۔ذاتی تعلقات اور سیاسی بنیادوں پردیئے گئے ۔ان مکانات میں اعلی پولیس افسران سمیت 57 پولیس اہلکار، رینجرز کے 19اہلکار ، نجی سیکورٹی کمپنی کے 11 محافظ، 7 مقامی دکاندار، عربین کنٹری کلب کے4ملازم، ملیر کورٹ کے دو جج ایک ریڈر، 2پوسٹ آفس ملازم، پی ٹی سی ایل ، ریلوے کا ایک ایک ملازم جب کہ ایک بنک افسر رہائش پذیر ہیں ۔بیشتر عرصہ 16+15سال سے رہ رہے ہیں اوریہاں سے کہیں اور جانے کا نام تک نہیں لیتے۔ تاہم قائم مقام پرنسپل ایگزیکٹو افسر نصرت اسلام بٹ نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسٹرکٹ ملیر صفدر علی میرانی اور اسٹیٹ بینک افسر عادل کھوکھر کو ٹاون شپ میں رہائشی مکان دینے کی منظوری دیدی بینک افسر عادل اسٹل مل کے ریپرو گرافک سیل کے انچارج ظہور کھوکھر کے بیٹے ہیں۔ تیسرا مکان GR-09/06ایک سفارشی اٹیلی جنیس افسر نوید مراد جو کھیو کو دیا گیا ہے۔ ایس او پی کے تحت صرف ایسے بیرونی افراد کو اسٹیل مل کی بستی میں رہائش دی جاسکتی ہے جو ادارے کی حدود میں ا پنی سروسز فراہم کرتے ہیں ۔تاہم اسٹیل مل میں رہائش پذیر بیشتر بیرونی افراد یہاں سے ٹرانسفر کے بعد بھی مکانات خالی نہیں کررہے۔’’امت‘‘ کو حاصل دستاویزات کے مطابق ٹاون شپ کے بنگلہ نمبر G-21/01میں زرعی ترقیاتی بینک ٹھٹھہ برانچ کا منیجر سائیں بخش زرداری 15جولائی 2008سے رہائشں پذیر ہے+ مکان نمبر L-23/04 میں PTCL ملازم اشتیاق علی 15مئی 2010سے رہائیش پذیر ہیں مکان نمبر A-22/205میں پاکستان ریلوے کا کلرک شہزاد علی 10 جنوری 2005سے رہائش پذیر ہے ۔اسٹل مل اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی آؤٹ سائیڈر لسٹ کے مطابق ملیر کورٹ کے جج غلام علی کو بنگلہ نمبر H-01/01 13مئی 2008 کو جبکہ جج نوید احمد کلہوڑو کو بنگلہ نمبر G-36/02مورخہ 6 فروری 2008میں الاٹ کیا گیا تھا۔ٹاون شپ میں لوئر کورٹ کے ریڈر امام بخش سومرو مکان نمبرD-13/301 میں16مئی 2008سے رہائش پذیر ہیں ریکارڈ کے مطابق عربین سی کنٹری کلب کے 4ملازم نیاز حسین، منصور علی، محمد مشتاق اور تجمل شاہ بھی ٹاون شپ کے بلاد A-21 کے فلیٹ نمبر 105+201+303+205 میں 17 اکتوبر 2003سے رہائش پذیر ہیں۔ واضح رہے کہ اسٹیل مل کا اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ایڈمنسٹریشن اینڈ پر سونل کے ماتحت ہے، تاہم کسی بھی آوٹ سائیڈر کورہائشی کی کلیئرنس اسٹیل مل سربراہ دیتا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق بنگلہ نمبر GR-07/01 میں 16اکتوبر 2010سے DSPاسلم چوہان جب کہ بنگلہ نمبر G-29/02 میں یکم مارچ 2010سے DSP عبدالفتح رہائش پذیر ہیں۔ دیگر پولیس افسران میں سب انسپکٹر غلام مجتبیٰ باجوہ، شاہ نواز، محمداسلم خان ، محمد بخش ، محمد سلطان، میاں محمد، لونگ خان انور علی کیریو، شاہ نواز، اور غلام عباس تارڑ شامل ہیں۔ اسٹیل مل ملازمین کی رہائشی بستی میں پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کے رہائش رکھنے کے سوال پر انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ متعلقہ تھانے کا عملہ جو لگ بھگ 30اہلکاروں پر مشتمل ہے، انہیں ایک باہمی معاہدے کے تحت ٹاؤن شپ میں ان کی پوسٹنگ تک رہائش دی جاتی ہے مگروہ یہاں سے ٹرانسفر ہوجانے کے باوجود رہائش نہیں چھوڑتے اوراس کے لئے اپنا اثرورسوخ بھی استعمال کرتے ہیں اور اگر انہیں رہائش خالی کرنے کے نوٹس دیئے جائیں تو وہ ڈسٹرکٹ کورٹ سے اسٹے آرڈر لے آتے ہیں اس معاملے میں تمام بیرونی افراد کا باہمی اتحاد ہے۔