اسلام آباد(نمائندہ امت۔امت نیوز) غیر منظور شدہ موبائل فونز کی بند ش کا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائلوں کی تصدیق کے لیے ڈیڈ لائن میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر دی ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موبائل فون سیٹس کی تصدیق آئندہ احکامات تک جاری رہے گی، اس سے قبل موبائل فونز کی تصدیق کے لیے 20 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی تصدیق کے لیے آئندہ آخری تاریخ کا اعلان وفاقی حکومت اور پارلیمنٹ کی ڈیڈ لائن کے بعد ہی مقرر کی جائے گی۔اس سے قبل تاجر برادری نے حکومت کے اس فیصلے کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے نے 20 اکتوبر کو غیر منظور شدہ موبائل فون بند کئے تو پورے پاکستان میں کاروبار بند کر دیں گے۔ غیر رجسٹرڈ فون بند کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے کا فیصلہ کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔دوسری جانب سینیٹ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے بھی پی ٹی اے کو 20 اکتوبر کے بعد موبائل فون بلاک نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو کسی شہری کا موبائل فون بند نہ کرنے کی ہدایت کی ۔کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت میں چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔روبینہ خالد نے کہا کہ پی ٹی اے 20 اکتوبر سے موبائل فون بند کرنے جا رہا ہے، عوام میں شدید تشویش ہے، پی ٹی اے حکام واضح کریں کہ معاملہ کیا ہے۔اس دوران پی ٹی اے حکام نے 20 اکتوبر سے غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ موبائل فون بند کرنے کے معاملے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ اس کے لیے ایک نظام لانچ کر رہے ہیں، کوئی موبائل فون بند نہیں ہوگا، نان کمپلائنٹ پر فیصلہ کریں گے ، ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) موبائل فون کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے لایا جا رہا ہے. انہوں نے بتایا کہ اس نظام سے موبائل فون کی درآمد سے آمدنی 20 کروڑ ڈالر تک بڑھ جائے گی. پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ موبائل فون ویری فیکیشن کی آخری تاریخ میں 2 ماہ کی توسیع کی جا رہی ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے پی ٹی اے حکام سے پوچھا کہ کیا آپ کے پاس چوری شدہ موبائل فون کا فرانزک آڈٹ کا نظام ہے۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ چوری شدہ موبائل فون آئی ایم ای آئی نمبر سے ٹریس ہو جائے گا۔ارکان کمیٹی نے کہا کہ 8484 پر ایس ایم ایس بھیجا جا رہا ہے، لوگوں میں موبائل بند کرنے کے اقدام پر تشویش ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آپ نے عوام میں کیسی تشویش پھیلا دی ہے، ایک آدمی کا بھی موبائل فون بند نہیں ہونا چاہیے۔کمیٹی نے ڈی آئی آر بی ایس کی ڈیڈ لائن موخر کر دی اور کہا کہ کمیٹی کے تحفظات دور ہونے تک موبائل فون بند نہ کیے جائیں۔