اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ میں میموگیٹ اسکینڈل کی سماعت کے دوران عدالتی معاون نے بتایا کہ حسین حقانی کے معاملے پر ایف آئی اے نے انٹرپول سے رابطہ کرلیا ہے۔اور اس کیس کاچالان بھی عدالت میں جمع کرادیاگیاہے ۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ وہ حسین حقانی کے معاملے کونمٹاکر جاناچاہتے ہیں ۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے میموگیٹ اسکینڈل کی سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالتی معاون احمر بلال صوفی نے عدالت کو بتایا کہ حسین حقانی کے خلاف ایف آئی اے نے اسپیشل کورٹ میں چالان جمع کرادیا ہے اور ایف آئی اے نے انٹر پول سے رابطہ کر لیا ہے، حسین حقانی کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔احمر بلال صوفی نے کہاکہ نیب نے ایف آئی اے کو اختیار تفویض کر دیا ہے، آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ جمع کرا دیں گے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میں جانے سے پہلے اس کام کو نمٹا کر جانا چاہتا ہوں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔