گڈانی یارڈ کی بندش سے 20ہزار مزدور بیروزگار

حب (رپورٹ/عبدالغنی رند ) گڈانی یارڈ کی بندش سے 20ہزار مزدور بیروزگار ہو گئے ۔یارڈ میں میں جہازوں کی کٹائی کا کام چوتھے روز بھی بند رہا ۔چیئرمین بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ ماحولیات کےا فسران گڈانی یارڈ پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گڈانی میں 14اکتوبر کوپلاٹ نمبر9۔ 10پر ایک بحری جہاز میں کٹائی کے دوران آگ لگ گئی تھی ۔جس میں 7محنت کش جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ کے بعدمحکمہ ماحولیات بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) طارق زہری نے شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں جہازوں کی کٹائی پر ایک ہفتے کیلئے پابندی لگا دی تھی ،جس کے بعد گڈانی یارڈ کے ہزاروں محنت کش بیروزگار ہوگئے اور محنت کشوں نے گزشتہ روز لیبر یونین ( سی بی اے ) کے صدر محمد حسین خان اور سیکریٹری جنرل بابوعبدالکریم جان ۔ٹرانسپورٹر رہنماء حاجی نور شاہ اورد اور گڈانی ورکرز لیبر یونین اورسیکڑوں محنت کشوں نے احتجاج کیا تھا ۔صورتحال کا جائزہ لینے کیلئےگزشتہ روز بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اکبر لاشاری ، ڈائریکٹر بی ڈی اے کیپٹن (ر) جاوید خان ، جنرل مینجر محبت خان بابر اور دیگر حکام نے شپ بریکرز ایسو سی ایشن کے چیئرمین دیوان رضوان فاروقی ، سابق چیئرمین حاجی عبدالغنی میمن ،رفیق الاسلام اور بابو عبدالکریم جان سے ملاقات کی اور کام بندش کے باعث پیدا شدہ صورتحال پربات چیت کی اور مسائل معلوم کئے ۔

Comments (0)
Add Comment