کراچی کی ترقی کیلئے گورنر سربراہی میں ٹاسک فورس بنانے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے گورنر کی سربراہی میں فنڈز کی نگرانی کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کردیا ۔اس حوالے سے گزشتہ روز وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا پی ٹی آئی کا اہم ایجنڈا ہے، کراچی پہلی بار لسانی سیاست سے باہر آیا ہے جبکہ عام انتخابات میں شہر قائد کے عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا اور پھر ضمنی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی پر اعتماد کیا ہے، اس لیے کراچی سے وفاق میں بھرپور نمائندگی دی گئی ہے اور 12 اہم ترین عہدوں پر کراچی کے لوگوں کو فائز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے فنڈز سے متعلق شکایات ہیں کہ ٹھیک خرچ نہیں ہورہے اگر سیکورٹی اور انفرااسٹرکچر میں وفاق سپورٹ نہ کرے تو حالات مزید خراب ہوں گئے اس لیے وفاقی کابینہ نے کراچی کی ترقی کے لیے ایک ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سربراہی گورنر سندھ کریں گے جب کہ کمشنر کراچی وفاق کے فنڈز کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کی جانب ہم بڑھ رہےہیں۔ فاٹا سیکریٹریٹ ختم ہوجائے گا، انتظامی ڈھانچہ چیف منسٹر سیکریٹریٹ کےماتحت ہوجائے گا، این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا اپنا حصہ کم کر کے 3فیصد فاٹا کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل سے متعلق چونکا دینے والے حقائق سامنے آنے پر ایل این جی ٹرمینل سمیت تمام ٹرمینلز کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہو گی اور انہیں مقررہ وقت پر قیمت ادا کی جائے گی ، ہمیں سب کو پتا ہے کہ سندھ کی شوگر ملیں کون اون کرتا ہے۔ کرشنگ سیزن ہر صورت 15 نومبر کو ہی شروع ہو گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ملازمین اور چیئرمین ایرا کو این ڈی ایم اے میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے خودکاراسلحے اور ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنز ختم کردیئے تھے اب صوبوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ اسلحہ لائسنس پر ان کی کیا پالیسی ہوگی ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ نئے قوانین کے مطابق اب کوئی بھی وزیر سال میں تین سے زائد بار بیرون ملک کے دورے نہیں کر سکےگا۔

Comments (0)
Add Comment