سکرنڈ میں دودھ ڈبوں کے ذریعے شراب سپلائی کا انکشاف

سکرنڈ (نمائندہ امت) سکرنڈ میں دودھ ڈبوں کے ذریعے شراب سپلائی کا انکشاف ہوا ہے۔ موبائل فون آرڈر پر موٹر سائیکل کے ذریعے مخصوص ٹھکانوں سے تھیلیوں، بوتلوں پر فراہم کی جاتی ہیں۔ دلیل دیرو اور سن میں شراب کی بھٹیاں قائم ہیں جبکہ انتظامیہ نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکرنڈ میں نوجوان نسل تیزی سے شراب کی لت کا شکار ہورہی ہے امرا طبقہ کے نوجوان اقلیتوں کے کوٹہ کی ملنے والی شراب لائسنس یافتہ شراب فروشی کی دکان سے جو نواب شاہ میں قائم ہے مہنگے داموں خرید کر شغل کررہے ہیں تو متوسط طبقہ اور غربا دیسی شراب جس کو ٹھرہ کہا جاتا ہے وہ خرید کر استعمال میں لارہے ہیں دیسی شراب کی تیاری سکرنڈ سے آٹھ دس کلو میٹر کے فاصلے پر تاریخی قلعہ دیوار دیرو میں بھٹیوں پر تیار کی جاتی ہے ان علاقوں سے مبینہ طور پر دودھ والے ڈرموں میں شراب بھر کر سکرنڈ شہر کے مخصوص ٹھکانوں کو سپلائی کی جاتی ہے جہاں سے موبائل فون پر ملنے والے آرڈر موٹر سائیکل کے ذریعہ تھیلیوں اور بوتلوں پر سپلائی کردی جاتی ہے نوجوان حسین آباد محلہ، خانزادہ، اصغر کالونی، لیلا آباد، محراب پور روڈ، پرانا سکرنڈ، مہران کالونی میں چوراہوں پر رات گئے بیٹھ کر شراب نوشی کرتے اور مغلظات بکتے اور لڑکھڑاتے قدموں دیکھے جاتے ہیں۔ انتظامیہ حسب معمول خاموش تماشائی کا روپ دھارے ہوئے ہے۔ تبدیلی کے دور میں شراب نوشی کی تعداد میں نمایاں اضافہ کی اطلاع بھی ہے اور کئی گھرانے اس سے پریشان ہیں کہ ان کی نسل ناکارہ ہوتی جارہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment