کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ولی خان بابر قتل کیس کے پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کےقتل سےمتعلق مقدمے میں ملزمان متحدہ دہشت گردوں کاظم اور نعمان پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی ، عدالت نے ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر تفتیشی افسر اور گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا ۔سماعت پر ملزمان سید کاظم اور نعمان کو پیش کیا گیا ۔ عدالت کے استفسار پرملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔ عدالت نے ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عائد کرتے ہوئے تفتیشی افسر اور گواہوں کو طلب کرلیا۔ نامزد 3ملزمان کو اشتہاری قراردیا جاچکا ہے۔ جن میں عزیز اللہ ،عبداللہ ،غفران عرف سندھی شامل ہیں ۔سندھ ہائیکورٹ نے گینگ وار سرغنہ عزیر بلوچ، نثار مورائی، سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی پبلک کرنے کے لیے دائر درخواست پر پو لیس حکام کو عزیر بلوچ اور سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کے لیے 14نومبر تک مہلت دیدی۔ سماعت پرعدالسندھ ہائیکورٹ نے تفتیشی آفیسر سے استفسار کیا کہ عزیر بلوچ اور سانحہ بلدیہ فیکٹری کا مقدمہ کس عدالت میں زیر سماعت ہے تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری اے ٹی سی 7میں زیرسماعت ہے ۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آگاہی عوام کا حق ہے۔عزیر بلوچ، نثار مورائی اور سانحہ بلدیہ میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آچکے، ماڈل ٹاؤن کی طرح ان تین جے آئی ٹیز کو بھی پبلک کرنے کی ہدایت کی جائے۔