کراچی سے کوئٹہ جاکر ڈکیتیاں کرنیوالا 6 رکنی گروہ گرفتار – ایک کروڑ برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے چھٹہ گبول گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے کراچی اور کوئٹہ میں گھروں میں ڈکیتیاں کرنے اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے والے 6 رکنی ڈکیت گروپ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے نقد ، اسلحہ اور طلائی زیورات برآمد کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے چھٹہ گبول گوٹھ نزد بھٹائی چوک اسکیم 33 میں کارروائی کرتے ہوئے 6 رکنی ڈکیت گروپ کو گرفتارکرلیا، گرفتار ہونے والے ملزمان میں گینگ کا لیڈر غلام فرید عرف اختراوراسکے 5 ساتھی عرفان حمید،جمشید،کاشف، علی اکبر اور لیاقت علی شامل ہیں۔ اے سی ایل سی کے ایس ایس پی منیر احمد شیخ نے بتایا کہ ملزمان کراچی سے دوپہر کے وقت روانہ ہوکر دوسرے دن صبح کوئٹہ پہنچ جاتے۔ ناشتے کے بعد کوئٹہ میں واردات کرکے فوری کراچی کیلئے روانہ ہوجاتے تھے۔ملزمان نے کوئٹہ میں اپنا مخبری کا نیٹ ورک فعال کیا ہوا تھا جو کوئٹہ میں مال دار افراد کی ریکی کرنے کے بعد اپنے ساتھیوں کو اطلاع کرتے تھے،جس کے بعد ملزمان کوئٹہ میں واردات کرکے بآسانی کراچی آجاتے تھے۔ملزمان موبائل فون،پرس اورگاڑیاں چھین کراپنا خرچہ پورا کرتے تھے۔ملزمان موبائل فون سہراب گوٹھ پرشہریوں کوسستے داموں فروخت کرتے تھے۔ملزمان نے گلشن معماراورگلستان جوہر میں بھی ان گنت وارداتیں کی ہیں۔ ملزمان نے کوئٹہ میں عطااللہ نامی شخص کے گھر میں 10 اپریل کو 5 کروڑ روپے نقد اور 50 سے 60 لاکھ روپے کے طلائی زیورات کی ڈکیتی کی تھی۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 26 لاکھ روپے کیش،34 لاکھ روپے کے کیش، گیٹ وے گرین سٹی حب ریور روڈ کے پلاٹ کی 45 لاکھ کی دو فائلیں ، طلائی چوڑیاں 12 عدد ، ایک چھوٹا کٹر ، ایک پستول نائن ایم ایم اور 3 تیس بور پستول برآمد کی ہے۔ علاوہ ازیں کورنگی میں مسلح ملزمان چین سے آنے والے سعید قریشی کے گھر میں ڈکیتی کے دوران لاکھوں روپے نقد اور دیگر سامان لوٹ لیا ،پولیس 2روز تک واقعے کو چھپانے کی کوشش میں لگی رہی۔پولیس کا کہنا ہے کہ سعید قریشی کچھ ہی عرصے پہلے چین سے آئے تھے، واقعے کا مقدمہ 17اکتوبر کو ہی درج کرلیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment