سندھ کے سرکاری اشتہارات کی تقسیم منصفانہ ہوگی۔سیکرٹری اطلاعات

کراچی(پ ر)سندھ کے محکمہ اطلاعات میں بدعنوانی سے پاک ماحول کی داغ بیل ڈالی جاچکی ہے۔اب سندھ کے سرکاری اشتہارات کی تقسیم نہایت ہی منصفانہ انداز سے کی جائےگی، جبکہ اخبارات کو ادائیگیوں کا نظام بھی فوری ، شفاف اور منصفانہ ہوگا۔سی پی این ای کی جانب سے سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور ادائیگیوں کے طریقہ کار کی نگرانی کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔محکمہ اطلاعات سی پی این ای کی تجاویز پر غور اور عمل کرے گی۔یہ اعلان محکمہ اطلاعات سندھ کے سیکرٹری عبدالرشید سولنگی نے سی پی این ای کی سندھ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز منصور احمد شیخ اور ڈائریکٹر اشتہارات ذوالفقار شاہ بھی موجود تھے۔عبدالرشید سولنگی نے یقین دلایا کہ اخبارات کے پرانے بقایاجات کی جلد ادائیگی کو بھی ممکن بنایا جائے گا اور ہر مہینے باقاعدگی سے اخبارات کے موجودہ واجبات کی بھی ادائیگی کریں گے۔انہوں نے سی پی این ای اور محکمہ اطلاعات سندھ کے افسران پر مبنی خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا بھی اعلان کیا، جو سرکاری اشتہارات کی تقسیم اور ان کی ادائیگیوں کے عمل کی نگرانی کرے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ کے اشتہارات سندھ کے اخبارات کو ہی دیئے جائیں گے۔اشتہاری ایجنسیوں کی وساطت سے جاری کئے جانے والے اشتہارات کی ادائیگیاں اخبارات کو براہ راست کی جائیں گی۔رواں مالی سال میں تقریباً 5 ارب روپے عوامی آگاہی مہم اور تشہیر کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں مدیران نے سیکریٹری اطلاعات کو اخبارات و جرائد کے مالی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کے کئی سالوں کے بقایاجات کی عدم ادائیگی کے باعث ہزاروں صحافی اور اخباری کارکنان بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی آگاہی مہم کے لئے تشہیری بجٹ مروجہ قواعد کے مطابق کم از کم 2 فیصد مختص کرنا ہوگا۔اجلاس میں غلام نبی چانڈیو، سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، سینئر اراکین اعجازالحق، عامر محمود، قاضی اسد عابد، حامد حسین عابدی، عدنان ملک، انور ساجدی و دیگر نے شرکت کی۔

Comments (0)
Add Comment