اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان کوکھیلوں کی دنیا سے ایک اوراعزاز مل گیا ہے۔ ورلڈ باکسنگ کونسل عریبک زون کی صدارت پاکستان کو مل گئی۔ پروفیشنل باکسنگ لیگ کے صدر نعمان علی شاہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر منتخب ہو گئے۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق یوکرین میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر موریشیو سلیمان نے عریبک زون کی صدارت کے لیے نعمان علی شاہ کے نام کا اعلان کیا ہے۔ عریبک زون میں پاکستان، بھارت،ایران، افغانستان اوراومان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ نعمان شاہ پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ کے صدر بھی ہیں۔ نومنتخب صدر نعمان شاہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خطے میں پاکستان اب باکسنگ کے قوانین سیٹ کرے گا۔ باکسنگ 168 سے زائد ممالک میں کھیلا جانے والا کھیل ہے،چند مہینوں کے اندر پاکستان سے چیمپئن باکسرز نکلنا شروع ہو جائیں گے۔ نعمان علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کے عالمی مقابلے شروع کرانا انکی پہلی ترجیح ہوگی۔ جس طرح باقی سپورٹس میں پاکستان نے دنیا میں اپنا نام کمایا ہے اس طرح اگر پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کی حوصلہ افزائی کی جائے تو پاکستانی باکسر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔