کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں متعین کینیا کے اعزازی قونصل جنرل حنیف جانو نے وفد کے ہمراہ چیئرمین فشرمینز کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر سے ملاقات کی اور دوطرفہ امور، باہمی تجارت سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔ وفد نے چیئرمین ایف سی ایس کو دورہ کینیا اور بلیو اکانومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور بتایا کہ کانفرنس میں ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے اور اس میں تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کے مختلف طریقوں پر فوکس کیا جائے گا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے درپیش چیلنجز سے نمٹا اور معاملات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔اس موقع پر چیئرمین ایف سی ایس عبدالبرنے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ کانفرنس میں شریک ممالک کے وفود باہمی تجربات سے استفادہ کرسکیں،21ویں صدی چیلنجز کی صدی ہے، جس سے ہمیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ بعدازاں انہوں نے مہمانوں کو ایف سی ایس کی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ 26تا 28نومبر ہونیوالی بلو کانفرنس میں دنیا بھر سے6ہزار سے زائد مندوبین شرکت کریں گے۔