ڈیرہ غازی خان میں خوفناک حادثہ – 19 افراد جاں بحق

ڈیرہ غازی خان (مانیٹرنگ ڈیسک) بس حادثے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے غازی گھاٹ کے قریب دو بسیں آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں 19 افراد موت کے منہ میں اترگئے۔ریسکیو انچارج کے مطابق حادثے کے 35 زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈی جی خان حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد آپس میں رشتہ دار ہیں،جن میں سے بیشتر کا تعلق ملتان سے تھا۔ ذرائع کے مطابق ایک بس میں 70 افراد پر مشتمل قافلہ ڈی جی خان سے ملتان جارہا تھا۔دوسری بس ملتان سے کراچی جارہی تھی۔ دونوں بسوں میں تصام اتنا خوفناک تھا کہ بسیں کاٹ کر لوگوں کی لاشیں نکالی گئیں۔واقعے کے بعد ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ریسکیوحکام کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کےباعث پیش آیا ۔وزیراعظم عمران خان نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Comments (0)
Add Comment