شہریوں کی عدم دلچسپی – ٹرن آوٹ انتہائی کم رہا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) این اے 247 اور پی ایس 111کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل ابتدائی مرحلے میں سست روی کا شکار رہا ،تاہم دوپہر کے بعد شہریوں نے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنا شروع کیا۔سیاسی جماعتیں ووٹرز کو صبح کے وقت گھروں سے نکالنے میں ناکام رہیں۔ متحدہ پاکستان ،پی ایس پی اور تحریک انصاف کے کارکنان ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کی منت سماجت کرتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق این اے 247 اور پی ایس 111 کے ضمنی انتخابات کیلئے صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوا ۔ 12 بجے تک مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل انتہائی سست روی کا شکار رہا ۔ بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عملہ اور پولنگ ایجنٹ ووٹرز کا انتظار کرتے رہے ، تاہم دوپہر کے بعد ووٹرز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔‘‘امت ’’سروے کے مطابق جی پی ایم سی اردو اسکول میں پولنگ اسٹیشن نمبر 25 کے پریذائیڈنگ افسر خالد نے بتایا کہ2ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرزمیں سےدوپہر 12 بجے تک محض 96 ووٹرز نے ووٹ استعمال کیا ؎، جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 27 کے پریذائیڈنگ افسر اللہ ودایو کے مطابق 2300 ووٹوں میں سے ساڑھے 12بجے تک 80 سے 85 وو ٹ ڈالے گئے ۔ ایم ایچ گرامر اسکول میں قائم پولنگ اسیشن نمبر 15 میں 4 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے ۔ پریذائیڈنگ افسر مشرف علی کے مطابق2618 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے دوپہر 12 بجے تک 108 ووٹرز نے اپنا ووٹ ڈالا۔ سروے کے دوران رنچھوڑ لائن پولنگ اسٹیشن کے پریذائیڈنگ افسر شاہین صدیقی نے بتایا کہ پولنگ کے ابتدائی 4 گھنٹوں کے دوران محض 80 ووٹ ڈالے گئے تھے ۔پولنگ اسٹیشن نمبر 19 کے پریذائیڈنگ افسر نظر محمد کے مطابق ایک بجے تک 100 کے قریب ووٹ کاسٹ ہوئے ، جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 20 کے پریزائیڈنگ افسر زید علی نے بتایا کہ دوپہر 12 بجے تک محض 100 کے قریب ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 37 پر بھی ٹرن آؤٹ کم رہا اور سہ پہر ڈھائی بجے تک 180 ،پولنگ اسٹیشن نمبر 39 میں 130 ووٹ ڈالے گئےتھے ۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 36 میں ساڑھے 3 بجے تک صرف 180 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ گارڈن کے لیڈی فاطمہ اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 9 کے پریذائیڈنگ افسر امیر بخش بلوچ نے بتایا کہ ساڑھے 9 بجے ایک خاتون نےپہلا ووٹ ڈالا ،جبکہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن میں ساڑھے 3 بجے تک 126 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے ، جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 10 میں بھی ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا ۔پریذائیڈنگ افسر فہیم اقبال نے بتایا کہ ساڑھے 6 گھنٹے کے دوران محض 80 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔وائے ڈبلیو سی اے لٹل اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 11، 12 اور 13 میں پولنگ ختم ہونے سے آدھے گھنٹے پہلے تک بالترتیب 150 ، 180 اور 130ووٹ ڈالے گئے ۔اسی طرح گرلز سکینڈری اسکول صدر کے پولنگ اسٹیشن نمبر 34 اور 35کے پریذائیڈنگ افسران خرم اور عنایت علی کے مطابق4 بج کر 20 منٹ تک محض 150سے 200 تک ووٹ کاسٹ ہوئے۔ جبکہ یوسی نمبر 5 صدر کےمیٹرنٹی ہوم میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 33 میں پولنگ کے اختتام تک 351 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ اسی طرح ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی ابتدائی مرحلے میں پولنگ انتہائی سست رہی ،جبکہ مشاہدے میں آیا کہ کئی پولنگ اسٹیشنوں پردوپہر 12 بجے تک محض 15 سے 20 ووٹ کاسٹ ہوئےتھے ،تاہم 12 بجے کے بعد ووٹرز کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا ۔

Comments (0)
Add Comment