کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جدید خطوط پر فارنسک لیب کا قیام عمل میں لارہی ہے اس کی فزیبیلٹی اور ٹیکنیکل رپورٹ تیار ہوچکی ہے۔ صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ سندھ میں فارنسک لیب موجود نہیں۔لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز میں فارنسک لیبارٹری میں تحقیق کا کام ہوتا ہے مگر وہ جدید آلات پر مشتمل نہیں ہے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ فارنسک لیب کے لیے ضلع ملیر کراچی میں زمین کی ڈیمارکیشن اور فنڈ کی ایلوکیشن مکمل ہوچکی ہے دو سے ڈھائی سال کی مدت میں سندھ فارنسک لیب اسٹیٹ آف دی آرٹ کی شکل میں سندھ حکومت کا عوام کے لیے نادر تحفہ ہوگی۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی یونیورسٹی میں قائم ایچ ای جے انسٹیٹیوٹ میں دوسرے ادارے اور ممالک اپنی کیمیکل ٹیسٹنگ کراتے ہیں بالکل اسی طرح سندھ فارنسک لیب میں بھی قومی اور بین الاقوامی ادارے فارنسک اور تحقیق کا کام کرائیں گے جس سے سندھ فارنسک لیب اپنے مالیاتی اخراجات اور ریسرچ کرنے والوں کو معقول ادائیگی کرنے کے قابل ہوگی۔