کراچی(امت نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک) ہڑتال کے معاملے پر آئل ٹینکرز ٹرانسپورٹرز دو حصوں میں تقسیم ہوگئے جس کے باعث ہڑتال ناکام ہوگئی اور ملک بھر میں تیل کی سپلائی جاری رہی۔ آئل ٹینکرز مالکان اورآئل کنٹریکٹرز دو گروپوں میں تقسیم ہو گئے۔ آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال جہانگیری نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا جبکہ ایسوسی ایشن رہنما شمس شاہوانی نے ہڑتال کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک بھر میں پیٹرولئیم مصنوعات کی سپلائی بند کردی ہے۔ چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن اقبال جہانگیری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے ہمارے دیرنہ مسئلے کیو سسٹم کو حل کردیا ہے اوگرا اور نیشنل ہائی وے سے درپیش مسائل بھی حل کردیئے ہیں جبکہ دیگر مسائل پر بات چیت کیلئے 29اکتوبر کو وفاقی وزیر پیٹرولئیم نے اسلام آباد بلایا ہے۔ سابقہ عہدیداران کی جانب سے ہڑتال کی اعلان کی کوئی اہمیت اور حیثیت نہیں، عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اقبال جہانگیری کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی جاری رہے گی،میڈیا کے نمائندے خود آکر دیکھ لیں۔ دوسری جانب آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ ہم نے حکومت کے سامنے بارہا اپنے مطالبات رکھے اور بتایا کہ پرانے ماڈل کے آئل ٹینکرزپر پابندی معاشی قتل کے مترادف ہے، 2010ماڈل کی گاڑیوں کی شرط سے آئل ٹینکرز مالکان اورکارکنوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو جائیں گے لیکن حکومت کی جانب سے پنجاب میں 600، کے پی کے میں 300،بلوچستان 200اور کراچی میں 700ٹینکرزپرپابندی عائد کردی گئی۔شمس شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں10دن میں پابندی ہٹانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی لیکن10دن گزر جانے کے باجود ہمارے مسائل جوں کے توں ہی ہیں اس لیے اتوار سے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کی جارہی ہے اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔