اسلام آباد(نمائندہ امت)وزیراعظم عمران خان ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے آج سے خصوصی مشن شروع کررہے ہیں جس کے تحت وہ دوست ممالک کے دورے کریں گے،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کو درپیش معاشی بحران کے حل کے لئے خود ذمہ داری سنبھال لی ہے،اس مقصد کے لیے وہ پیر سے غیر ملکی دوروں کا آغاز کریں گے۔ وزیراعظم معاشی بحران کے حل کے ایجنڈے کے تحت سعودی عرب، ملائشیا اور چین جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان پیر کو دورہ سعودی عرب کے دوران مدینہ منورہ پہنچیں گے جب کہ منگل کو دارالحکومت ریاض میں سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے جس میں معاشی تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ سعودی عرب سے واپسی پر وزیراعظم آئندہ 3روز سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے ساتھ اعلی سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔وزیر اعظم 28 اکتوبر کو ملائشیا جائیں گے، جہاں وہ پاک ملائشیا تعلقات اور معاشی تعاون پر بات کریں گے، جس کے بعد وزیراعظم 3 نومبر کو چین روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور معاشی تعاون پر تفصیلی گفت وشنید کریں گے۔ دوسری جانب سابق وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے۔خط میں رحمان ملک کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان تاریخ کی بدترین معاشی بدحالی سے گزر رہا ہے، معاشی بدحالی کا ذمہ دار موجودہ حکومت ہی کو قرار دینا انصاف نہیں ہوگا۔رحمان ملک نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں مزید کہا کہ الزام تراشی کے بجائے ہمیں مل کر ملک کو موجودہ معاشی بدحالی سے نکالنا ہوگا۔