عمان(امت نیوز) اردن نے 25 سالہ امن معاہدے کی توسیع سے انکار کرتے ہوئے اسرائیل کو البقورہ اور الغمر کے علاقوں میں کاشتکاری سے روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام شاہ عبداللہ دوم کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے امن معاہدے کی توسیع نہیں کرینگے، جس کے بعد اسرائیل اردن کے زرخیز علاقوں البقورا اور الغمر کو زراعت کیلئے استعمال نہیں کرسکے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی ترجیحات کے مطابق ہر وہ فیصلہ کرینگے، جو ملک اور شہریوں کیلئے سودمند ہو۔ اب ان علاقوں کی زرخیزی سے اردنی مستفید ہونگے۔ اردن اور اسرائیل کے درمیان 1994میں امن معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت اردن کے علاقے الغمر اور البقورہ کو 25سالہ لیز پر اسرائیل کو دیدیا گیا تھا، ان زمینوں پر اسرائیلی شہری کاشت کرسکتے ہیں۔معاہدے کی معیاد25اکتوبر ختم ہورہی ہے لیکن اس سے قبل ہی اردن نے اسرائیل کو منسوخی سے آگاہ کردیا ہے۔ تاہم اسرائیلی وزیر اعظم معاہدے میں توسیع چاہتے ہیں اور جلد اردن کا دورہ کرینگے۔