حیدر آباد (بیورو رپورٹ) گرونگر کے علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں نے منی ٹیکسی پر فائرنگ کرکے ایک بزرگ اور نوجوان کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فورٹ تھانہ کی حدوس گرو نگر چوک پر منی ٹیکسی فورسیٹر پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے بالکل قریب سے فائرنگ کی اور باآسانی فرار ہو گئے۔ ایک بزرگ اور ایک نوجوان گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے، لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی جبکہ اطلاع ملنے پر رینجرز اور پولیس بھی پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور علاقے کا گھیراؤ کئے رکھا، خون میں لت پت دونوں شدید زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 50سالہ علی احمد شیخ اور نوجوان کی عارف ولد سعید کے نام سے ہوئ ہے، پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے عارف کا تعلق شہدادپور سے ہے اور وہ حیدرآباد میں درزی کا کام کرتا تھا۔ دہرے قتل کا یہ واقعہ ذاتی دشمنی ہے یا اس کے کچھ اور محرکات ہیں پولیس جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تفتیش کر رہی ہے۔