لاہور(امت نیوز) محمد عیسٰی خان پاکستان فٹبال کا ایک ایسا نام ہے جس نے بین الاقوامی سطح پر نام کمایا ہے۔ سابق کپتان عیسٰی خان کوچنگ کو اپنا پروفیشن بناکر قومی ٹیم کے ساتھ اسسٹنٹ کوچ منسلک ہیں۔چمن سے تعلق رکھنے والے معروف اسٹرائیکر کاکہنا ہے کہ کوچنگ ایک مختلف جاب ہے،خود کھیلنا آسان جبکہ دوسروں کو سکھانا مشکل ہے، اب تک قومی ٹیم کے ساتھ ساف کپ اور ایشین گیمز میں کام کرکے بہت اچھا لگا ہے، کوشش ہے کہ جس طرح بطور کھلاڑی پاکستانی پرچم بلند کیا، اسی طرح کوچنگ میں بھی ملک کانام روشن کرسکوں۔ غیر ملکی کوچ اور ساتھی کوچز سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہاہے،ابھی آغاز ہے جیسے جیسے وقت گزرے گا، اس شعبے میں بھی خود کو منوالوں گا۔عیسٰی خان نے اپنے علاقے چمن میں بھی عیسٰی خان فٹبال اکیڈمی قائم کررکھی ہے، لاہور میں پاکستان پریمیئر لیگ کا مرحلہ شروع ہونے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عیسٰی نے کہا کہ ساڑھے تین سال فٹبال کی سرگرمیاں بند رہیں، جن سے کھیل اور کھلاڑیوں کو بہت نقصان ہوا ہے، اب دوبارہ پاکستانی میدان آباد ہوئے ہیں تو بہت خوشی ہوئی ہے۔