اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے اور صارفین پر لائن لاسز اور چوری کی مد میں اضافی بوجھ کم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی۔عمران خان نے اسلام آباد میں توانائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کی جہاں انہیں توانائی کے شعبے میں مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’یہ ناقابل قبول ہے کہ عام عادمی کسی اور کی چوری اور بد انتظامی کا بوجھ برداشت کرے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کی اگلے 25سالوں کی بجلی کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک جامع توانائی پالیسی تیار کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے پاور ڈویژن کو بہتر آلات کی دستیابی کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت تیل اور گیس کی تلاش کے لیے سروے انجام دے گی۔عمران خان نے خیبر پختونخوا میں کام کرنے والی آئل اینڈ گیس کمپنیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں حکومت نے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ مؤخر کر دیا۔ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 4پیسے اضافے کی سمری پر غور کیا گیا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ بجلی کے واجبات کی وصولی کا عمل بہتر بنانے کی ضرورت ہے، وصولیوں کا عمل بہتر ہونے تک بجلی کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔