گستاخانہ خاکوں کیخلاف عالمی عدالت جانے کی درخواست حکومت کو نوٹس

اسلام آباد ( نمائندہ امت ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملہ پر حکومت کو عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا حکم دینے کے لئے دائر متفرق درخواست پر وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے مذکورہ درخواست کو مرکزی درخواست کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دیا ۔ منگل کو حافظ احتشام کی درخواست پر سماعت ہوئی تو درخواست گزار کے وکیل ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مرکزی درخواست 15جنوری2019 کو سماعت کیلئے مقرر ہے، یہ معاملہ ہمارے نبیؐ کی عزت و ناموس کے تحفظ کا ہے، اس کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ ابھی تمام فریقین کے جواب نہیں آئے اور3 ماہ بعد کی تاریخ زیادہ دور کی نہیں ۔ تمام فریقین اگلی سماعت پر جواب جمع کرائیں۔ادھراسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین رسالتؐ کی مجرمہ آسیہ مسیح کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالنے کے لئے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی کے12اکتوبر 2018کے فیصلے کیخلاف حافظ احتشام احمد کی جانب سے ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ نے دائر انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اختیار کیا کہ زیر حراست ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی مثالیں موجود ہیں۔ عدالت وفاقی حکومت کوآسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے۔ اپیل میں وفاقی سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی ایف آئی اے اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment