توقیر ڈار کو قومی ہاکی ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ

لاہور(امت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے سابق اولمپیئن توقیر ڈار کو قومی ہاکی ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پی ایچ ایف توقیر ڈار سے معاملات طے ہونے کے بعد باقاعدہ اعلان کرے گا۔ذرائع کے مطابق ایشین چیمپئیز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے دوران توقیر ڈار کا مسقط جانے کا امکان ہے اور وہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے لگائے گئے کیمپ میں ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔دوسری جانب توقیر ڈار کا کہنا ہے کہ حسن سردار سے پرانا تعلق ہے لہذا انہیں انکار نہیں کرسکتا، ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی کے بعد حسن سردار سے بات کروں گا اور ذمہ داری سنبھالنے میں جلد بازی نہیں کروں گا۔یاد رہے کہ ذرائع نے بتایا کہ عمان میں کوچ محمد ثقلین اور مینیجر حسن سردار کا جھگڑا ہوا تھا جس پر حسن سردار نے کوچ کے رویے کی شکایت کی اور انہیں واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر پی ایچ ایف نے منیجر کی بات مانتے ہوئے محمد ثقلین کو واپس بلالیا۔بعد ازاں قومی ہاکی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین نے صدر پی ایچ ایف بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز سینئر سے ملاقات کی اور مسقط میں پیش آنے والے واقعہ سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں عمان میں جاری ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں شریک ہے جہاں اس نے اب تک 2 میچ کھیلے ہیں جس میں ایک میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ قومی ٹیم نے جنوبی کوریا کے مقابلے میں فتح حاصل کی۔

Comments (0)
Add Comment