کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیروز آباد پولیس نے نشے میں دھت شہریوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر ومنگل کی درمیانی شب نشے میں دھت کورٹ پولیس اہلکار فرمان نے اپنے ساتھی تنویر اور شاہ زیب کے ساتھ مل کر ریسٹورنٹ سے کھانا کھاکر واپس آنے والی فیملی سے بدتمیزی اور ان پر تشدد کیا۔ متاثرہ فیملی کی جانب سے واقعہ کی فوری 15 پر اطلاع دی گئی، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کرگاڑی کی تلاشی لی تو گاڑی کے ڈیش بورڈ سے شراب کی دو بوتلیں برآمد ہوئیں ،جس کے بعد اہلکار اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار اہلکار کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں اس کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا گیا، تاہم میڈیکل رپورٹ کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار 5افراد نے مدعی کی گاڑی کو روکا۔ گاڑی سے اترکر آنےوالوں میں 2مسلح افراد بھی تھے، 5افراد نے مدعی کی گاڑِی میں موجودخواتین سے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں، پانچوں افراد نشے میں دھت تھے، تاہم واقعہ کی ابتدائی اطلاع 15پر فون کرکے دی۔