کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محکمہ صحت کی جانب سے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس اور سروس اسٹرکچر سمیت دیگر مطالبات تسلیم کئے جانے پر جوائنٹ نرسز ایکشن کمیٹی نے دھرنا ختم کر دیا اور آج سے ڈیوٹیوں پر جانے کا اعلان کر دیا۔ حاجی عبدالواحد نے بتایا کہ کمیٹی رہنماؤں عبدالقیوم مروت ، ہیرا لال اور اعجاز پر مشتمل وفد نے سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ سے ملاقات کی اور مطالبات پیش کئے، مذاکرات کے بعد ہیلتھ پرو فیشنل الاؤنس، سروس اسٹرکچر، 1200 نرسز کی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی اور صوبے میں نرسز کی قلت دور کرنے کیلئے نرسز کی 4 ہزار نئی اسامیاں تخلیق کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ محکمہ صحت سندھ نے امتحان سے رہ جانیوالے 400 سے زائد نجی نرسنگ اسکولوں کے اسٹوڈنٹس کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کا ہدایت دی جو ترجیحی بنیادوں پر معاملے کے حل کیلئے کوشش کرے گی ۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام اسپتالوں میں 3 دن جاری نرسز بائیکاٹ کا وزیراعلیٰ نے سخت نوٹس لیکر مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔