پیپلز سیکرٹریٹ کے قریب کار پر فائرنگ سے تاجر زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمشید کوارٹر میں کار پر فائرنگ سے تاجر زخمی ہوگیا۔واقعے سے قبل کار سوار کو بیرون ملک سے فون کر کے لیاری گینگ کے نام پر بھتے مانگا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کے علاقے پیپلز سیکرٹریٹ نیو پریڈی اسٹریٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار نمبر AMZ-964 پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کارسوار 34سالہ کاشف ولد اشرف زخمی ہوگیا۔ایس ایچ او رضوان پٹیل کا کہنا ہے کہ کاشف اپنے بھائی اور ماموں کے ساتھ صدر موبائل مارکیٹ میں اپنی دکان بند کرکے اپنے ماموں کو جمشید روڈ چھوڑنے جارہا تھا، جیسے ہی مزار قائد کے قریب واقع پیپلز سیکرٹریٹ چورنگی پہنچے، تو انہیں انٹرنیشنل نمبر سے کال آئی۔فون کرنے والے نے اپنا تعارف لیاری گینگ کے زاہد لاڈلہ کے نام سے کرایا اور بھتے کی مد میں 2دن کے اندر 50لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔اس کے بعد جیسے ہی کال منقطع کی گئی، تو موٹر سائیکل پر سوار 2ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی۔ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ کاشف کی ٹانگ میں گولی لگی ہے ۔واقعہ بھتے کا شاخسانہ ہے ۔

Comments (0)
Add Comment