وزیراعظم کا غریبوں کیلئے خصوصی پیکیج دینے کا وعدہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے بڑا پیکج ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب آئی ایم ایف کے پاس جانے سے عوام پر بوجھ کم ہو جائے گا۔غریبوں کے لئے جلد خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے گا،کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔ ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے اچھا اقتصادی پیکیج مل جانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں تاہم اب اگر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس جائیں گے تو قرض اور شرائط کا بوجھ زیادہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آئے تو پرانے قرضوں کی وجہ سے مہنگائی کا تناسب پہلے ہی سے بہت زیادہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پاس جانے سے قبل اگر آئی ایم ایف کے پاس جاتے ہیں تو زیادہ قرضہ لینے پر سخت شرائط کا مطالبہ ہوتا اور نتیجے میں عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ بڑھ جاتا۔عمران خان نے خوشخبری دی کہ ’مزید اقتصادی پیکج کے حصول کے لیے دیگر 2دوست ممالک سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ وزیراعظم نے عندیہ دیا کہ ’یمن لڑائی کو ختم کرانے کےلیے پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ وہ بہت جلد عوام کو بڑی خوش خبریاں سنائیں گے۔وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ جمہوریت کو بچانے والوں نے ملک کو قرضوں میں ڈوبا دیا گزشتہ حکمرانوں کی بگاڑی ہوئی چیزیں ٹھیک کر رہے ہیں تاہم ہماری پالیسیوں کے ثمرات مسقتبل قریب میں نظر آئیں گے۔انہوں نے سیاسی مخالفین کے حوالے سے کہا کہ ’30ہزار ارب روپے کا آڈٹ کرائیں گے تاکہ معلوم ہو سکے یہ پیسے کہاں گئے؟، جس کو روکنے کے لیے جلسے جلوس کیے جارہے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے حکمران اور رہنما پرانے مقدمات پر ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عوام پریشان نہیں ہوں، ہم کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ ’ہم کسی کرپٹ انسان کو نہیں چھوڑیں گے، عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کرپٹ لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے جسے ہر حال میں پورا کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment