اسلام آباد۔واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیپو نے کہا ہے کہ افغانستان میں سیاسی افہام و تفہیم پر سب تیار ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان ہمارے دیے گئے ہدف کو حاصل کرے گا۔واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال پر مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ‘میں نے حال ہی میں اپنے دورے میں پاکستان کے نئے رہنما سے ملاقات کی اور ہم نے واضح کیا تھا کہ جنوبی وسطی ایشیا کے حوالے سے امریکا کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری توقعات یہ ہیں کہ پاکستان اپنی مغربی سرحد میں دہشت گردوں کو محفوظ پناہ نہیں دے گا، ہم اس سے مزید واضح پیغام نہیں دے سکتے۔اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اس کو پورا نہیں کرتا اور ان کاوشوں کے لیے وہ مخلص نہیں ہوئے تو ان پر ذمہ داری عائد کی جائے گی۔ادھرپاکستان نے قندھار حملے سے متعلق افغانستان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق کوئی شواہد یا انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔الزام تراشی کے بجائے افغانستان کو داخلی صورتحال بہتر کرنا چاہیے، ایسے معاملات کو دیکھنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایکشن پلان برائے امن و استحکام کے نام سے موثر میکنزم ہے، مشترکہ میکنزم کی موجودگی میں ایسے الزامات افسوسناک ہیں۔