مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔حافظ نعیم۔مہلت کافی نہیں۔آفاق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان کوارٹرز کے مکینوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے، جب کہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے بھی مذمتی بیان میں کہا کہ 3 ماہ کی مہلت کافی نہیں۔مکینوں کے لیے مالکانہ حقوق دوبارہ بحال کرائے جائیں۔حافظ نعیم نے کہا کہ گرفتار افراد کو رہا، زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج کرایا اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔وفاق میں شامل پی ٹی آئی اور متحدہ مسئلے کو اب حل کریں۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی شرقی یونس بارائی نے وفد کے ہمراہ مظاہرین سے ملاقات کرکے اظہار یکجہتی کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ ہے۔تنہا ہرگز نہیں چھوڑے گی۔آفاق احمد نے کہا کہ متحدہ بہادر آباد نے قیمت وصول کرلی۔ایسا نہیں تو اب تک حکومت سے الگ ہو جانا چاہیے تھا۔سندھ حکومت کا مکینوں پر تشدد رکوانا اور گرفتار افراد کی رہائی کا حکم قابل تحسین ہے۔3 ماہ کی مہلت حل نہیں۔چیف جسٹس مالکانہ حقوق دوبارہ بحال کرنے کے احکامات جاری کریں۔انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز صورتحال کی ذمہ دار وفاقی حکومت اور متحدہ بہادر آباد ہے۔

Comments (0)
Add Comment