اسلام آباد(رپورٹ:اخترصدیقی )سابق صدر پرویز مشرف کابرطانیہ میں طبی معائنہ کیاگیاہے ۔ان کی بیماری کی تفصیلات آئندہ 48گھنٹوں میں سامنے آنے کا امکان ہے ۔ جب کہ ڈاکٹروں نے پرویزمشرف کوسفرنہ کرنے او رزیادہ سے زیادہ آرام کی ہدایت کی ہے ۔ دوسری جانب سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والا خصوصی بنچ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاورعلی کی ریٹائرمنٹ کے باعث پھرٹوٹ گیا جبکہ ان کےجوڈیشل کمیشن کے ذریعے بیان ریکارڈکرنے میں مزید تاخیر کا امکان ہے ۔ذرائع نے روزنامہ امت کوبتایاہے کہ پرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل دوبارہ سے کی جائیگی۔ اس کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس انورالحق سمیت دیگر سینئر ججزکے ناموں پر غور وخوض کیاجائیگا۔امکان ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار بنچ میں نئے جج کی شمولیت کافیصلہ نومبرکے پہلے ہفتے سے قبل ہی کرلیں گے ۔نومبرکے پہلے ہفتے میں سپریم کورٹ میں این آراوکیس کی سماعت بھی ہونی ہے۔پرویزمشرف کے وکیل اخترشاہ نے روزنامہ امت سے گفتگومیں کہاکہ پرویزمشرف کاطبی معائنہ اسی مہینے ہوناتھااور اس کے لیے وہ دبئی سے برطانیہ گئے تھے ابھی افیشلی انھیں ان کے طبی معائنہ ہونے یانہ ہونے کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم کچھ جاننے والے کہہ رہے ہیں کہ ان کامعائنہ کیاگیاہے ۔وہ جلدپرویزمشرف سے رابطہ کریں گے کیونکہ نومبرکے پہلے ہفتے میں این آراوکیس کی سماعت ہے ۔