گھر خالی کروانے کی کوشش پر پاکستان کوار ٹرز میدان جنگ بن گیا – 16 زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گھرخالی کروانے کی کوشش پرپاکستان کوارٹرز کاعلاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پتھرائو، شیلنگ اور لاٹھی چارج سے10 مظاہرین اور6 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔دو گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد آپریشن روک دیا گیا۔13 مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔ مشتعل مظاہرین نےپی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان کی گاڑی کو گھیر لیا اور پتھرائو کیا جس پروہ وہاں سے نکل گئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح تقریبا 10 بج کر 30 منٹ پر سپریم کورٹ کے احکامات پر اسلام آباد سے آئی افسران کی ٹیم پاکستان کوارٹرز خالی کروانے کیلئے پہنچی تو مکینوں نےاحتجاج کرتے ہوئے مین گیٹ بلاک کردیا اور افسران کو اندر آنےسے روک دیا ، اسلام آباد سے آئے افسران کو سیکورٹی دینے کیلئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تو مظاہرین مشتعل ہوگئے اور پتھراؤ شروع کردیا ،جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 6ولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ان کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں 4زخمیوں کی شناخت محمد رضوان، منیر احمد، زمان عباس اورتنویراحمدکے نام سے ہوئی ہے ، علاقہ مکینوں نے پاکستان کوارٹرز کے داخلی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کردیئے،انسداد ہنگامہ آرائی فورس نے راستہ کھلوانے کی کوشش کی،جس پر مظاہرین کی پولیس سے ہاتھا پائی اور جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج ، شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ لاٹھی چارج اور شیلنگ سے مظاہرین میں بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں خواتین و بچوں سمیت مظاہرین زمین پرگر گئے جبکہ آنسو گیس کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی ، جواب میں مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیااور لاٹھیوں سے حملہ کردیا ،پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے کرتھانے منتقل کردیا ۔ لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ، پتھرائو اور واٹر کینن کے استعمال سے 10مظاہرین زخمی ہوئے۔سہ پہر ساڑھے 12بجے تک دونوں جانب سے پتھرائو اور شیلنگ کا تبادلہ جاری رہا ، پولیس کی جانب سے طاقت کے بھرپور استعمال کے باوجودمظاہرین پیچھے ہٹنے کو تیار نہ تھے کہ اچانک ملنے والے احکامات پر آپریشن روک دیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ کے بعد پاکستان کوارٹرز پہنچے تو مشتعل مظاہرین نے انکی گاڑی کو گھیر لیا اور پھتراؤ شروع کردیا ، خرم شیر زمان گاڑی سے باہر نہیں نکلے اور فوری طور پر چلے گئے ۔ قبل ازیں سولجر بازار تھانے کی حدود میں واقع پاکستان کوارٹرز کو بدھ کے روز خالی کروانے کے احکامات کا علم ہونے پر مکینوں کی بڑی تعداد نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے ہی گھروں سے نکل کر احتجاج شروع کردیا تھا،مظاہرین میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، ان کاکہنا تھا کہ حکومت ہم سے کوارٹرز خالی کروا کےنئے الا ٹیوں کو دینا چاہتی ہےہمارے پاس گھروں کے سرٹیفکیٹ موجود ہیں، ہر مہینے کرایہ بھر تے ہیں پھر بھی ہمارے ساتھ نہ انصافی کی جا رہی ہے، کورٹرز خالی کرنے نہیں دیں گے،وزیر اعظم نے حکومت میں آنے سے پہلے بہت دعوے کیے تھے اب وہ یہاں کے لوگوں کو بھول گئے ہیں، ہم کہاں جائیں گے، متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment