کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے اخبارات کے لئے سرکاری اشتہارات بند کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے سندھ کے میڈیا اداروں کو کچلنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ یہ مطالبہ سی پی این ای کے زیر اہتمام سندھ کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین غلام نبی چانڈیو کی زیر صدارت سندھ بھر کے اخبارات کے مدیران کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں منظور کی گئی ایک قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی سندھ دشمن میڈیا پالیسی کے اصولوں کی طرح سندھ کے کوئلہ، تیل، گیس اور بندرگاہوں سمیت دیگر قدرتی معدنیاتی وسائل اور سندھ صوبے سے ہونے والی وفاق کی آمدنی سے بھی دستبردار ہو جائے۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ سے تعلق رکھنے والے اخبارات کو اشتہارات کی فوری منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تقسیم این ایف سی ایوارڈ کی طرح کی جائے۔ اجلاس میں سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، سینئر اراکین اعجازالحق، عامر محمود، قاضی اسد عابد، حامد حسین عابدی، عدنان ملک، انور ساجدی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔