کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ پاکستان نے کھارادر میں ووٹ نہ دینے والے مکینوں کے پانی کنکشن کاٹ دیئے،مقامی کونسلر23 اکتوبر کو منقطع کنکشن دوبارہ لگوانے کیلئے فی کس10ہزار روپے بٹورنے میں مصروف ہیں،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متحدہ ووٹرز سے انتقام لے رہی ہے ۔ 22 اکتوبر 2018 کو روزنامہ امت میں خبر شائع کی گئی تھی کہ کھارادر اور اطراف کے علاقوں میں ضمنی الیکشن کے روز متحدہ پاکستان کے کارکن علاقہ مکینوں کو دھمکی دیتے پھر رہے ہیں کہ ووٹ نہ دیا تو پانی کے کنکشن منقطع کردیئے جائیں گے۔ خبر میں لکھا گیا تھا کہ ایم کیو ایم نے علاقے میں پانی کنکشن فراہم کئے ہیں، اگر ووٹ نہیں دیا تو مستقبل میں پانی کی بندش کے حوالے سے کوئی رابطہ نہ کیا جائے، 23اکتوبر کی علی الصبح ہی واٹر بورڈ عملے نے کارروائی کرکے اسٹار میڈیکل، اکون مسجد اور بٹ پیلس سمیت دیگر عمارتوں کے پانی کے کنکشن منقطع کردیئے، کنکشن منقطع ہونے پر مکینوں نے اکون مسجد کے قریب احتجاج بھی کیا، جس میں مظاہرین نے سابق جوائنٹ انچارج قیوم پر چڑھائی کردی تھی، جس پر قیوم کا کہنا تھا کہ معاملے سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ مکینوں کے مطابق کھارادر کے کونسلر علی سومی ماضی میں بھی علاقہ مکینوں سے پانی کے نام پر ہزاروں روپے بٹورتے رہے ہیں، اور اس بار بھی یہی کچھ کر رہے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے متحدہ پاکستان کے کارکنوں نے الیکشن والے روز گھر گھر پمفلٹ تقسیم کرکے مکینوں کو دھمکی دی تھی کہ ووٹ نہ دینے والے مکین ہم سے پانی کی شکایت نہ کریں، اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارے کنکشن متحدہ کی اجازت سے ہی منقطع کئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں چیئرمین یوسی25شعیب ابراہیم نے امت کوبتایا کہ غیر قانونی پانی کنکشن منقطع کئے جارہے ہیں، تاہم مجھے اب تک صرف ایک عمارت کی شکایت موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرے علم میں نہیں ہے کہ متحدہ کے کارکنان پانی کے کنکشن منقطع کروارہے ہیں، یہ کام واٹربورڈ کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کونسلر پارٹی کا منتخب کردہ ہے، میرے پاس اختیار نہیں ہے کہ میں کونسلر کیخلاف کارروائی کروں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کونسلر علی سومی کنکشن پر پیسے بٹوررہے ہیں تو مکین شکایت کریں میں اسے پارٹی قائدین تک پہنچاؤں گا۔