سعودی ولی عہد کے گرد ترکی – امریکہ نے گھیرا تنگ کردیا

واشنگٹن(امت نیوز)سعودی ولی عہد کے گرد ترکی اورامریکہ نے گھیرا تنگ کر دیا۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سی آئی اے کی سربراہ جینا ہاسپل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جمال خشوگی کے قتل کے حوالے سے بریفنگ دیں گی۔ جینا ہاسپل کو ترک انٹیلیجنس نے خشوگی کے قتل کے حوالے سے ثبوت پیش کر دئے ہیں۔ سینئرترک حکام کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بھی ملزم ہیں جبکہ ان کے شاہی گارڈز خشوگی کا قتل کرنے والی ٹیم کا حصہ ہیں، امریکہ سمیت دنیا بھر کو سعودی تحقیقات کو قبول نہیں کر نا چاہئے۔سابق سی آئی اے کے سربراہ جون برینن نے کہا ہے اس میں کوئی شبہ نہیں کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خشوگی کے قتل کے منصوبے کا پہلے سے ہی علم ہوگا۔اس حوالے سے سابق سی آئی اے افسر بروس ریڈل کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کی ترکی کے اہم شواہد تک رسائی سے کھیل اب واشنگٹن کی عدالت تک پہنچے گا۔اس سے نہ صرف میڈیا کا دباؤ بڑھے گا بلکہ کانگریس بھی جینا ہاسپل سے ریکارڈنگ کے حوالے سے سوالات کرے گی۔

Comments (0)
Add Comment