دبئی (امت نیوز) آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں شاندار کم بیک کرنے والے عماد وسیم نے وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے نئے انداز کے راز سے پردہ اٹھادیا۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ سے ایک سال بعد شاندار کم بیک کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم نے میچ میں بہترین کھیل پیش کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تاہم میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد ان کا جشن منانے کا نیا انداز موضوع بحث رہا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جبکہ خود کرکٹر نے بھی نئے انداز کے راز سے پردہ اٹھادیا۔ آل راؤنڈ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ فٹبال میچز بڑے شوق سے دیکھتا ہوں اور پرتگال کے اسٹار اسٹرائیکر کرسٹینا رونالڈو میرے فیورٹ پلیئر ہیں۔ ان کا جشن منانے کا انداز بہت اچھا لگتا ہے، لہذا میری کوشش ہے کہ اپنے پسندیدہ فٹبالر کی طرح خوش کا اظہار کرکے ان لمحات کو انجوائے کروں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جہاں مداحوں نے عماد وسیم کی شاندار کم بیک کی تعریف کی وہیں چند لوگوں نے انہیں معروف فٹبالر کا انداز اپنانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ ناقدین نے کہا کہ اگر کرسٹیانو رونالڈ عماد وسیم کو اپنے اسٹائل کی نقل کرتے ہوئے دیکھ لیں تو وہ رونے لگیں گے۔ جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ عماد وسیم ایک بہترین کھلاڑی ہیں، انہیں کرسٹیانو رونالڈو کا اسٹائل کاپی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔