سی بی آئی چیف کوہٹانے کیخلاف کانگریس کی ہڑتال

نئی دہلی(امت نیوز)بھارتی حکومت کی جانب سے مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی سربراہ آلوک ورما کو ہٹانے کیخلاف کانگریس نے ملک گیر ہڑتال شروع کردی۔آلوک ورما نے نریندرمودی کیخلاف فرانس سےرافیل طیاروں کی خریداری کے اسکینڈل کے ثبوت حاصل کر لئے تھے اورجلد تحقیقات کا حکم دینے والا تھا۔ علم ہونے پرمودی حکومت نے بوکھلا کرا سے آدھی رات کوجبری رخصت کا حکم نامہ بھیج دیا جبکہ ناگیشور رائو کو عبوری ڈائریکٹر متعین کردیا گیاتھا۔الوک ورما کی رہائش گاہ کے باہر سی بی آئی سیکورٹی نے جاسوسی کے الزام میں انٹیلیجنس بیورو کے چار اہلکاروں کو بھی پکڑ لیا تھا۔جمعہ کو کانگریسی کارکنان نے احتجاج کے دوران دہلی سمیت دیگر ریاستوں میں سی بی آئی دفاتر کے سامنے مظاہرہ کیا۔دہلی میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ مارچ کرتے ہوئے سی بی آئی ہیڈ آفس پہنچ کر مظاہرہ کیا۔ کانگریس کا موقف ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی سی بی آئی کی خودمختاری کو تباہ کررہے ہیں۔ پولیس راہول گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں کو حراست میں لیکر لودھی روڈ پولیس اسٹیشن لے گئی جہاں بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔ بھارتی سپریم کورٹ نےآلوک ورما کو ہٹانے کے معاملے کی رپورٹ2 ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ناگیشور رائو کو کسی بھی طرح کا پالیسی فیصلہ کرنے سے روک دیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment