اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے برطانیہ، امریکہ اور سعودی عرب سمیت کئی اہم ممالک میں نئے سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ میں سینئر سفارتکار نفیس ذکریا کو ہائی کمشنر تعینات کیا جارہا ہے جب کہ امریکہ سے علی جہانگیر صدیقی کو واپس بلایا جارہا ہے جہاں ان کی جگہ ڈاکٹر اسد مجید خان نئے سفیر ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، کینیڈا اور مراکش میں بھی سفراء تبدیل ہونگے۔ سعودی عرب میں راجہ علی اعجاز اور قطر میں سید احسن رضا شاہ کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مراکش میں حامد اصغر خان، سربیا میں شہریار اکبر خان اور کیوبا میں صاحبزادہ احمد خان کو سفیر لگایا جا رہا ہے جبکہ کینیڈا میں رضا بشیر تارڑ کا نام ہائی کمشنر کے لیے زیر غور ہے۔دبئی میں احمد امجد علی کو قونصل جنرل تعینات کرنے کا بھی اعلان کیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اہم دارالحکومتوں میں سیاسی تقرریوں کے بجائے ’کیریئر ڈپلومیٹس‘ کی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نئے سفراء اور ہائی کمشنر کی تعیناتی کے عمل میں کچھ وقت لگے گا۔