شہری کو حبس بے جا میں رکھنے-تشدد پر نجی بینک کے 3ملازم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں شہری کو حبس بے جا میں رکھنے اور تشدد کا نشانہ بنانے پر نجی بینک کے 3 ملازم گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر نجی بینک میں چھاپہ مار کر 3 افراد نبیل احمد، ثقلین اور کاشف کو گرفتار کرکے مغوی ایاز بھٹی کو بازیاب کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ہمیں ایاز بھٹی کے اہلخانہ نے اطلاع دی تھی کہ ایاز کو بینک عملے نے بلایا اور کئی گھنٹے گزر نےکے بعد نہ صرف اسے چھوڑ نہیں رہے بلکہ اس پر تشدد کر رہے ہیں، جس پر پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرکےاسے بازیاب کرالیا۔ ایاز نے پولیس کو بتایا کہ وہ درزی ہے، اس نے نجی بینک سے 50 ہزار قرضہ لیا تھا، جس میں سے 28 ہزار 8 اقساط میں واپس کر چکا تھا۔ پولیس نے کہا کہ بینک میں نصب کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرکےتفتیش شروع کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment