کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات و کچی آبادی سعید غنی نے واٹر بورڈ ہیڈ آفس کا اچانک دورہ کیا اور حاضری چیک کی۔ اس موقع پر افسران و ملازمین کی بڑی تعداد کی غیر حاضری پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ان کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے اور شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کے ایڈہاک ملازمین کے معاملے پر کمیٹی بنائی گئی ہے، جو تمام معاملات اور قانونی تقاضوں کے بعد انکی بحال کے حوالے سے رپورٹ پیش کرے گی۔ پیپلز پارٹی کسی کو بیروزگار نہیں ہونے دے گی لیکن جو ملازمین کام نہیں کریں گے یا گھوسٹ ہوں گے ان کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے ہیڈ آفس میں ایک ایک دفتر جاکر افسران و ملازمین کے حوالے سے باز پرس کی اور اپنے ہاتھ سے انکی غیر حاضری لگائی۔ اس موقع پر انہوں نے حکم دیا کہ جو افسران اور ملازمین دفتر وقت پر نہیں آئے وہ آج غیر حاضر ہوںگے اور ان کی ایک روز کی تنخواہ کاٹ لی جائے گی جبکہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ناقص صفائی پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور فوری صفائی کی ہدایت دی۔ ایڈہاک ملازمین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ملازمین کو عدالتی احکامات پر نکالا گیا ہے، سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو تمام ملازمین کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ مرتب کرے گی اور اس کی روشنی میں ایڈہاک ملازمین کا فیصلہ کیا جائے گا۔